چین، پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات کا خواہاں ہے
پاکستان میں چین کے سفیر یا ئوژنگ نے کہا ہے کہ قطر میں طالبان دفتر سے رابطے ہیں، چین نے افغان طالبان سے بار بار مذاکرات میں حصہ لینے کی درخواست کی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور افغانستان میں مفاہمتی عمل کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کا افغان طالبان پر اثرو رسوخ نہیں تاہم قطر میں طالبان دفتر سے رابطے ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ گوادر بندرگاہ بین الاقوامی تجارتی مرکز بننے کے قریب ہے، سی پیک منصوبے پر پاکستان میں لگ بھگ 10 ہزار چینی باشندے کام کررہے ہیں جبکہ 60 ہزار کے قریب پاکستانی بھی کام کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سی پیک پہلے مرحلے میں ہے اور اب تک 21 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 20 مزید منصوبے پائن لائن میں ہیں۔یا ژنگ کے مطابق پاکستان میں پہلے کی نسبت امن و امان کی صورت حال کافی بہتر ہوئی ہے، چینی باشندوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک ہمسایہ ملک افغانستان سمیت خطے کے دوسرے ممالک تک پھیلایا جائے گا۔