فلم پالیسی کی تشکیل میں چینی فلمی ماڈل سے مستفید ہوئے ہیں: مریم اورنگزیب
چین میں وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کی شنگھائی فلم گروپ کے نائب صدر چنگ پنگ ژو سے ملاقات ہوئی۔ وزیر مملکت اطلاعات نے چین کی جانب سے پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی چین میں نمائش کی بھرپور حمایت کا خیرمقدم کیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کی فلمی صنعت کے ساتھ مشترکہ بنیادوں پرتعاون اورفلم سازی میں نئے امکانات کا خواہاں ہے۔ پاکستان کی نئی فلم، براڈکاسٹ پالیسی کا اعلان آئندہ ماہ کر دیا جائے گا۔ فلم پالیسی کی تشکیل میں ہم چینی فلمی ماڈل سے مستفید ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ سال شنگھائی اور بیجنگ میں منعقد ہونے والے فلمی میلوں میں شرکت کرے گا۔ نئے ثقافتی معاہدے کے تحت دونوں ممالک تکنیکی معاونت اور ایک دوسرے کی مہارتیں اور تجربات کا تبادلہ کریں گے۔