لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی کی لہر مزید بڑھ گئی
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی برکھا برسی اور جم کر برسی، رات بھر کبھی تیز تو کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی،لاہور میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، میٹرو ٹرین روٹ پر کھدائی کے باعث کیچڑ کا سیلاب امڈ آیا جس کے باعث شہریوں کا چلنا بھی مشکل ہو گیا، جگہ جگہ کھڑے بارش کے پانی نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں،،، گڑھی شاہو، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، جیل روڈ، رائیونڈ، سمن آباد، ایبٹ روڈ، ایمپرس روڈ، لکشمی چوک، کوٹ لکھپت، چونگی امر سدھو اور ملحقہ علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا،،، فیروز پور روڈ سمیت شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں،،، سکول اور دفاتر جانے آنے والوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا رہادھر پنجاب کے مختلف شہروں ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، صادق آباد، بہاولپور، کمالیہ، گوجرانوالہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی،،،اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش نے موسم کو مزید رنگین بنا دیا ہے، سرما کی برسات نے سردی کی لہر بڑھا دی ہے۔