ریڈیو پاکستان میں " ریڈیو کا عالمی دن "منایا گیا۔
ریڈیو پاکستان میں ریڈیوکے عالمی دن کے حوالے سے نیشنل براڈکاسٹنگ ہائوس اسلام آباد میں ایک سمینار کا اہتمام کیا گیا۔ سمینار کی مہمانِ خصوصی یونیسکو کی پاکستان میں نمائندہ وائبیک جینسن تھیں۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال ریڈیو کے عالمی دن کا موضوع" ریڈیو اور کھیل " ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی ترویج کے لئے ریڈیو ایک اہم میڈیم ہے کیونکہ ریڈیو کی پہنچ وہاں تک ہوتی ہے جہاں باقی میڈیا نہیں پہنچ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو کو علاقائی کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی کوششوں کو تیز کرنا چاہیے۔ یونیسکو کی پاکستان میں نمائندہ نے کہا کہ ریڈیو کو کھیلوں کے فروغ میں صنفی مساوات کو بھی پروان چڑھانا چاہیے کیونکہ خواتین کی کھیلوں میں صرف 4 فیصد کوریج دی جاتی ہے ۔ وائیبک جینسن نے کھیلوں کی فروغ میں ریڈیو پاکستان کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان شفقت جلیل نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اپنی نشریات کے ذریعے ملک بھر کے عوام کو معیاری تفریح، تعلیم اور معلومات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات حاضرہ کے پروگراموں ، مذاکروں اور ڈراموں کے ذریعے سامعین کو معلومات اور تفریح مہیا کی جاتی ہے۔ ڈی جی بی بی سی نے کہا کہ ملک میں ہم آہنگی ، رواداری ، امن اور محبت کو فروغ دینے کیلئے ریڈیو کے پروگرام تشکیل دیئے جاتے ہیں۔ شفقت جلیل نے کہا کہ ریڈیوپاکستان کے سامعین کو کھیلوں کی قومی اور بین الاقوامی خبروں کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل تفریح ، صحت اور ہم آہنگی کا سامان مہیا کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کاوش سامعین کی آراء کو مدِنظر رکھتے ہوئے جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ آفیئرز جاوید خان جدون نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگراموں میں کھیلوں کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو خبرنامہ میں کھیلوں کا دس منٹ کا بلیٹن نشر کیا جاتا ہے جس میں قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے ساتھ ساتھ علاقائی کھیلوں کے فروغ کو بھی خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ اس موقع پر ریڈیو کے عالمی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پاکستان سپورٹس بورڈاختر نواز گنجیر ا نے کہا کہ کھیلوں کے حوالے سے ایک نئی پالیسی مرتب کرنے پر کام جاری ہے جس سے ملک میں کھیلوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان علاقائی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا ویڈیو پیغام بھی سنا یا گیا۔ تقریب میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء وطالبات ، کھلاڑیوں اور براڈکاسٹرز کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔