ڈی آئی خان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران دو مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا
ملک بھر میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف فورسز اور پولیس کی کامیاب کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سی ٹی ڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرکے دو مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان
کی فائرنگ سے دوہزار پندرہ میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج تھا اور دونوں مقدمے میں اشتہاری تھے۔ گرفتار
ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب صوابی کے علاقے پنج پیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ ملزمان نے پولیس اہلکار فضل رازق کو گھر کے سامنےفائرنگ کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔