کپتان کی شادی بشریٰ مانیکا کے ساتھ لاہورمیں سادگی سے ہوئی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان تیسری بار رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے۔ ان کی شادی بشریٰ مانیکا سے لاہور میں ان کے گھر نہایت سادگی سے انجام پائی۔ تحریک انصاف نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بشریٰ مانیکا اور عمران خان کی شادی کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا جس میں بشریٰ بی بی کے قریبی رشتہ دار اور پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں نے شرکت کی۔ دونوں کی شادی اور رخصتی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کے دوست زلفی بخاری اور ان کے پولیٹیکل سیکرٹری عون چوہدری ان کے نکاح کے گواہ بنے۔ ذرائع کی جانب سے نکاح کی طرح ولیمے کی تقریب بھی سادگی سے ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان کی تیسری زوجہ بننے کا اعزاز حاصل کرنے والی بشریٰ مانیکا کا تعلق پاک پتن سے ہے۔چند ہفتوں پہلے میڈیا پر عمران خان کی تیسری شادی کی افواہیں زیرگردش تھیں تاہم کپتان نے اس کی تردید کی۔ ان کا موقف تھا کہ ابھی انہوں نے صرف نکاح کا پیغام بھیجا ہے۔ پیغام کی قبولیت کی صورت میں معاملات آگے بڑھیں گے۔ اور آج عمران خان نے اپنے چاہنے والوں اور پارٹی کارکنوں کو خوشی کی خبر سنا ہی دی ہے۔