حجاج کو کھانا فراہم کرنے کیلئے 2030ء تک 3 لاکھ سعودی کارکن درکار ہوںگے۔
سعودی عرب کی طعام و خوراک کی قومی کمیٹی کے سیکرٹری عبداللہ الھبیدی نے کہا ہے کہ حجاج کرام کو کھانا فراہم کرنے کیلئے 2030 ءتک 3 لاکھ سعودی کارکن درکار ہوںگے۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق عبداللہ الھبیدی نے کہا ہے کہ زمینی حقائق کی بنیاد پر لگائے گئے تخمینے کے مطابق 2030 ءتک 30 ملین حاجی، معتمر اور زائر سعودی عرب آنے لگیں گے۔ مملکت میں شعبہ خوراک میں سرمایہ لگانے والی شخصیات نے خواہش ظاہر کی ہے کہ متعلقہ سرکاری ادارے حجاج کی طرح معتمرین کے کھانے پینے کے انتظامات کو بھی عمرہ پیکیج کا حصہ بنا دیں۔انہوں نے کہا کہ عمرہ موسم 8 ماہ تک جاری رہتا ہے۔ اس سے انہیں کافی فائدہ ہوگا۔ سعودی عرب کے قومی اداروں نے حج موسم 1437 ھ کے دوران 8 ارب ریال کی لاگت سے حجاج کو گرم کھانے کے 70 ملین پیکیج فراہم کئے۔ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں حج موسم کے دوران فی حاجی 50 خوراک پیکٹ مہیا کئے گئے۔ یہ کام 250 قومی اداروں نے انجام دیا۔انہوں نے توجہ دلائی کہ غیر ملکی کارکنان کے بجائے سعودی خواتین و مرد یہ کام احسن شکل میں انجام دے سکتے ہیں۔