اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت میں دوگواہان کے بیانات ریکارڈ کرلئے گئے
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پیش ہوئے۔ نجی بینک کے افسر غلام مصطفیٰ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب عزیر ریحان کا بیان قلمبند کیا گیا۔ نوازشریف کے وکیل نے گواہان پر جرح بھی مکمل کرلی۔ گواہ غلام مصطفی کے مطابق بائیس اگست دوہزار سترہ کو نجی بینک کے افسر یاسر شبیر کے ساتھ نیب راولپنڈی میں پیش ہوا۔ یاسر شبیر نے نواز شریف کے بینک اکاونٹسُ کی تفصیلات تفتیشی افسر کو پیش کیں۔ دوران سماعت نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے گزشتہ روز نیب کی جانب سے ایوان فیلڈ ریفرنس پر دائر ضمنی ریفرنس کے بارے میں بھی بات کی۔ انکا کہنا تھا نیب نے چار مہینے بعد ضمنی ریفرنس دائر کیا ہے۔ ریفرنس پڑھنا ہے جس کیلئے وقت دیا جائے۔ ہمیں سات روز کا وقت دینے سے انکار کیا جارہا ہے۔ نیب کی جانب سے کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی ڈائریکشن ہے کہ کیس کو چھ ماہ میں مکمل کیا جائے۔ آئندہ ّسماعت پر ضمنی ریفرنس کے گواہان کو طلب کر لتے ہیں۔ سماعت کے دوران تیسرے گواہ آفاق احمد کا مکمل بیان ریکار ڈ نہیں ہوسکا۔ عدالت نے مزید دوگواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ کیس کی مزید سماعت تیس جنوری کو ہوگی۔