دھند کے باعث موٹروے کا ایم ٹو اور ایم فور سیکشن ٹریفک کیلئے بند رہا
پنجاب بھر میں صبح کے اوقات میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے کے باعث شہریوں کو سفر میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ دھند کی شدت کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور سے پنڈی بھٹیاں اور ایم فور فیصل آباد سے گوجرہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رہی جسے دھند کم ہونے پر کھول دیا گیا۔ موٹروے پر کلر کہار کے علاقے میں بھی شدید دھند چھائی رہی۔ ملتان،لودھراں اور گردونواح میں دھند کے باعث حد نگاہ کم رہی۔ پتوکی،اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی,میاں چنوں میں دھندچھائی رہی۔ گجرات اورگردونواح میں بھی صبح کے اوقات میں دھند کا راج رہا۔قومی شاہراہ پر لاہور سے احمد پورشرقیہ تک دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹر وے ترجمان سید عمران کے مطابق کے مطابق شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے دوران گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کریں۔ حادثات سے بچنے کیلئے قافلوں کی شکل میں سفر کیا جائے اور دھند میں گاڑی کی رفتار مناسب رکھی جائے۔ دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا رہا