اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے کئے تمام سفارتخانوں میں خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔ امجد ملک
ڈیلس (صاحبزادہ عتیق سے ) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ تارکین وطن ملک کو بھاری سرمایہ زرمبادلہ کی صورت میں بھیجتے ہیں جو ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔او پی ایف کے زیر اہتمام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات اور تعاون فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے تمام سفارتخانوں اور بین الاقوامی ایئر پورٹس پر خصوصی کاؤنٹر اور ڈیسک قائم کئے جائینگے۔ وہ مانچسٹر سے اسکائپ کے ذریعےڈیلس میں موجود نمائندہ تنظیموں کے عہدے داران سے خطاب کر رہے تھے جن میں او پی ایف کی مرکزی کونسل کے رکن عبدالحفیظ خان، فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب، پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے نائب صدر عابد ملک،چیئرمین ڈاکٹر ریاض حیدر ، انور اعظم ،ڈاکٹر حسن ہاشمی،پاک امریکن بزنس فورم کے صدر وقار خان اور ٹیکساس کی مختلف تنظیموں کے مرکزی عہدیداران موجود تھے جنہوں نے تارکین وطن کے مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ او پی ایف کو مزید موثر اور فعال بنانے کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے مشاورت کے بعد انہیں مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔پاکستان ہماری شناخت اور پہچان ہے اور ہرپاکستانی انفرادی طور پر پاکستان کا سفیر ہے ۔ہمیں باہمی تعلقات اور تعاون کے ساتھ ساتھ اجتماعی بہبود پر بھی توجہ دینی چاہیے