سردی شروع ہوتے ہی شہری گیس بندش اذیت سے دو چار ایل پی جی لکڑی اور کوئلے کی ڈیمانڈ بڑھ گئی
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گیس کا پریشر کم جبکہ بعض علاقوں میں گیس آنا بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح رواں برس سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی سوئی ناردرن گیس کمپنی کا گیس کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا۔ شہر میں گیس پائپ لائن تبدیل نہ کرنے، تعمیراتی کام نہ کرنے اور سسٹم کو اپ گریڈ نہ کرنے کی پالیسی نے شہریوں کو گیس کی بندش کی اذیت میں مبتلا کردیا۔ شہر میں لکڑی ، کوئلے اور ایل پی جی سلنڈر کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے۔ شہر میں کئلے کی قیمت 50 روپے فی کلو تک جاپہنچی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی نادرن لاہور میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کرنے کا سوچ رہی ہے۔ تاہم شہر میں اقبال ٹائون( گلشن بلاک)، سمن آباد، یتیم خانہ، مغل پورہ، گریفن، تاج باغ، شاد باغ، اچھرہ، جوہر ٹائون، ساندہ، اسلام پورہ سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی بندش جاری ہے۔