پاکستان میں 13 فیصد بالغ آبادی بینک اکاونٹ استعمال کرتی ہے۔

پاکستان میں 13 فیصد بالغ آبادی بینک اکاونٹ استعمال کرتی ہے۔

پاکستان میں صرف 13 فیصد بالغ آبادی بینک اکاونٹ کا استعمال کرتی ہے جس میں اضافہ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کرنے ہوں گے۔ ملک کی اقتصادی ترقی میں اضافہ کیلئے تیزی سے بدلتی ہوئی ضرورتوں کے مطابق جدید حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ مائیکرو فنانس کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرکے عام آدمی کی زندگی میں نمایاں بہتری اور معاشی ترقی میں اضافہ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ یونیورسٹی آف آکسفورڈ اور لاہور سکول آف اکنامکس کے زیرانتظام منعقدہ عالمی کانفرنس میں شریک ماہرین اقتصادیات نے کہا ہے کہ مائیکرو فنانس کا شعبہ عام آدمی کی ترقی کیلئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے سی ای او راشد باجوہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان میں 13 فیصد بالغ افراد بینکنگ کی سہولتوں سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ خطے کے دیگر ممالک میں یہ شرح کہیں زیادہ ہے۔ اپنے تحقیقی مقالے میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی معیشت کی ترقی اور عام آدمی کی بہتری کیلئے مائیکرو فنانس کے شعبہ میں جدت وقت کی اہم ضرورت ہے اور دنیا بھر کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں شعبہ میں روز بروز نئی ایجادات متعارف کروا کر عام آدمی کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی مائیکرو فنانس کے شعبہ کے حوالے سے جدت پر مبنی پالیسی سازی کی ضرورت ہے جس سے خاطر خواہ نتائج حاصل کرکے عام آدمی کی زندگی میں نمایاں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

Most Popular