معروف مذہبی اسکالر اور نعت خواں جنید جمشید کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال بیت گیا۔
پاپ موسیقی سے اپنی پہچان بنانے والے جنید جمشید تین ستمبر انیس سو چونسٹھ کو کراچی میں پیدا ہوئے ان کے والد پاک فضائیہ میں افسر تھے، جنید جمشید نے انجیئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا اور وائٹل سائنز کے نام سے گروپ بنایا،پاپ میوزک کے ذریعے سب کے دلوں میں پاکستان کا نام چھاپ دینے والا عظیم نام جب مذہب کی جانب گامزن ہوئے تو یہاں بھی سب کو اپنا گرویدہ بناڈالا۔ گہری بھوری آنکھوں، چمکتے چہرے اور دراز قد والے جنید جمشید کا سراپا دلکش تھا۔ آواز اس سے بھی کئی گنا دلنشین تھی۔دین کی جانب رغبت ہوئی تو جنید نے موسیقی کو خیرباد کہہ دیا اور نعت خواں کی حیثیت سے نئی پہچان بنائی۔ سات دسمبر کی شام پاکستانیوں پر قیامت ٹوٹ پڑی جب سانحہ حویلیاں میں اڑتالیس افراد جاں بحق ہوگئے۔ جان سے جانے والوں میں مذہبی اسکالر جنید جمشید اور انکی اہلیہ بھی شامل تھیں۔ جنید جمشید دار فانی سے کوچ کر گئے مگر ان کے مداح رہتی دنیا تک انہیں یاد کرتے رہیں گے