کویت میں ٹریفک قوانین کی 5 بڑی خلاف ورزیوں پرغیر ملکی کو بے دخل کرنے کی تجویز
کویتی سیکرٹری داخلہ برائے ٹریفک امور نے 5 برس کے دوران ٹریفک قوانین کی بڑی خلاف ورزیوں کے ارتکاب پرغیر ملکی کوملک سے بیدخل کرنے کی تجویز نائب وزیراعظم و وزیرداخلہ شیخ خالد الجراح کو پیش کر دی۔ کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اعلیٰ کویتی عہدیدار نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ ضروری نہیں کہ پانچوں خلاف ورزیاں ایک ہی با رکی گئی ہوں ، مختلف اوقات اور مقامات پر ہو سکتی ہیں۔ 5 برس مکمل ہونے پر انہیں غیر ملکی کے ریکارڈ سے ساقط کر دیا جائے گا۔ تاہم اگر کوئی شخص 5خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو چکا ہو گا تو مذکورہ تجویز کے مطابق اس کے اقامے کی تجدید نہیں ہو گی اور اسے بلیک لسٹ کر کے کویت سے بے دخل کر دیا جائے گا۔ اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی بڑی خلاف ورزیوں میں حفاظتی بیلٹ نہ باندھنا، ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنا، گاڑی فٹ پاتھ پرچڑھا دینا، پیدل چلنے والوں کے لئے مخصوص جگہوں پر گاڑی پارک کرنا اور ٹریفک کو معطل کرنا شامل ہیں۔ مذکورہ تجویز ابھی تک زیر غور ہے۔ ماہرین اس کے قانونی پہلوو¿ں کا جائزہ لے رہے ہیں۔