مسلم ممالک آپس کے اختلافات بھلا کر انسانیت کی خدمت کو شعار بنائیں۔ ترک وزیراعظم
ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے اسلامی ممالک سے کہا ہے کہ وہ اپنی تہذیبی و تاریخی شناخت کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے آپس کے اختلافات کو بھلانے کی کوشش کریں اور انسانیت کی خدمت کو اپنا فرض سمجھیں۔ وزیراعظم نے یہ بات استنبول میں منعقدہ 8 ویں امان یونین کے سالانہ اجلاس کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو آپس کے اختلافات بھلا کر سائنسی علوم پر توجہ دینا ہوگی ، آج کی مغربی دنیا میں اسلام کا نام، خوف، نفرت اور انسان دشمنی کی نام نہاد علامت بنتا جا رہا ہے جسے ختم کرنا ہماری ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی اس سلسلے میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔ ترک وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دوہرے معیار کا راستہ اپنایا جاتا ہے جو کہ غلط ہے مغربی ممالک ہر قسم کے دہشتگرد واقعات کو اسلام سے جوڑنے میں ماہر ہیں جو کہ ان کی کند ذہنی کو ظاہر کرتا ہے جس کے بر عکس اسلام ایک پر امن دین ہے جو کہ بھائی چارگی پر زور دیتا ہے۔ترک وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم مغربی دنیا کے اس غلط مفروضے کی تصحیح کریں۔