قابض بھارتی فورسز نہتے کشمیری نوجوانوں کا بے دریغ خون بہا رہی ہیں۔ یاسین ملک

قابض بھارتی فورسز نہتے کشمیری نوجوانوں کا بے دریغ خون بہا رہی ہیں۔ یاسین ملک

مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فورسز نہتے کشمیری نوجوانوں کا بے دریغ خون بہا رہی ہیں اور کشمیری والدین کو اپنے لخت جگروں کے جنازوں کو کاندھا دینے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کی آڑ میں مقبوضہ علاقے میں قتل و غارت کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کے قتل کے خلاف پر امن طور پر احتجاج کرنے والوں پر گولیاں، آنسو گیس کے گولے اور پیلٹ برسائے جا رہے ہیں۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ پورے مقبوضہ علاقے خاص طور پر جنوبی کشمیر کے علاقے اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں، کولگام، بیج بہاڑہ، پانپور، ترال وغیروہ میں مظالم کی انتہا کر دی گئی ہے جہاں قابض اہلکار گھروں میں گھس کر خواتین، بچوں اور معمر افراد سمیت مکینوں کو سخت مار پیٹ کا نشانہ بناتے ہیں ۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ کم عمر لڑکوں اور معمر افراد کو تک کو گرفتار کر کے ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا جاتا ہے ۔ انہوںنے کشمیریوں کے خلاف جاری مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر دوہرے معیار کو ترک نہیں کیا گیا تو کشمیریوں کا انصاف اور عالمی برادری کے وجود پر سے بھروسہ اٹھ جائے گا۔

Most Popular