ترکی انسانی امدادی و ترقیاتی امور میں عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر
ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کا کہنا ہے کہ انسانی و ترقیاتی امدادی سرگرمیوں کے اعتبار سے ترکی ممتاز ملکوں میں شامل ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ چاوش اولو نے ترک تعاون و رابطہ ایجنسی کی جانب سے مرمت کردہ آئیوری کوسٹ کے بچوں کے تحفظاتی و تعاون ادارے سے منسلک ویمن ایجوکیشن و وکیشنل انسٹیٹیوٹ کی مرکزی عمارت کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ انسانی و ترقیاتی امور کے اعتبار سے امریکا کے بعد ترکی کا دوسرا نمبر پر ہے۔ گزشتہ برس امریکا نے 6.3 ارب ڈالر کی انسانی امداد فراہم کی تھی تو ترکی نے اس حوالے سے 6 ارب ڈالر خرچ کیے تھے۔ امسال ہم امریکا کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلے نمبر پر آ جائیں گے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ترکی خطہ افریقہ کے دوست و برادر ملک آئیوری کوسٹ کی ترقی اور فروغ کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ 39 افریقی ملکوں میں ترک سفارتخانے سر گرم عمل ہیں، جن کی تعداد کو عنقریب 50 تک بڑھا دیا جائے گا۔