پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہاتھ دھونے کا دن آج منایا جارہا ہے۔
بچوں اور بڑوں میں صفائی کی عادت ڈالنے اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کی آگہی کے حوالے سے آج دنیا بھر میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کے حوالے سے دنیا بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ دوہزار آٹھ سے اس دن کو اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہر سال پندرہ اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں سالانہ لاکھوں افراد بیکٹریا سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے متاثر ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جراثیم زیادہ تر کھانے پینے کے دوران انسانی جسم میں داخل ہوتے ہیں۔ ہاتھوں کی صفائی سے اسہال، ٹائیفائیڈ، پیٹ کے امراض، ہیپاٹائٹس سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ صابن سے ہاتھ دھونے سے پانچ سال سے کم عمر بچوں میں دست اور اسہال کی بیماریوں کی شرح میں پچاس فیصد کمی جبکہ سانس کے ذریعے انفیکشن کی شرح میں پچیس فیصد تک کمی ہوسکتی ہے۔