مغربی افریقی ملک سیرا لیون کے دارالحکومت فری ٹائون کے بیرونی علاقہ میں مٹی کے تودے گرنے کے بعد ملبے سے 400لاشیں نکالی گئی ہیں
مغربی افریقی ملک سیرا لیون کے دارالحکومت فری ٹائون کے بیرونی علاقہ میں مٹی کے تودے گرنے کے بعد ملبے سے 400لاشیں نکالی گئی ہیں۔فری ٹان کے میئر سیم گبسن نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 100عمارتیں اس کے ملبے میں دب گئی ہیں۔پولیس اور فوج کے جوان ملبے سے لوگوں کو بچانے میں مصروف ہیں۔عالمی برادری نے افریقی ملک سیرا لیون میں سیلابی بارشوں کے سبب مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیاہے۔واضح رہے کہ افریقی ملک سیرالیون کے دارالحکومت فری ٹان میں بارشوں کے سبب مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب سے 400سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ شہریوں کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ریڈ کراس کے ترجمان پیٹرک مساکوئی کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں مزید بڑھ سکتی ہیں ۔تباہ کن طوفان کے باعث شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور سیکڑوں مکانات بہہ گئے۔مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے علاقے ریجنٹ میں موجود پہاڑی کا ایک حصہ ٹوٹ گیا، جس سے طوفان سے ہونے والی تباہی میں اضافہ ہوا۔واضح رہے کہ بارشوں کے موسم میں مغربی افریقی ممالک میں لینڈ سلائیڈنگ معمول کی بات ہے کیوں کہ ان علاقوں میں درختوں کی بے دریغ کٹائی کی گئی ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد کی جانیں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔