سعودی حکومت نے غیر ملکی ورکرز پر ماہانہ 100ریال فی فرد ٹیکس عائد کردیا۔
خام تیل کی کم قیمتوں کے اثرات عرب ممالک کی معیشت متاثر کرنے لگے ، چھ ماہ کے دوران روزگار کے لئے عرب جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں زبردست کمی ریکارڈ کی گئی ۔ عالمی منڈی میں خام تیل کم قیمتوں کے باعث عرب ممالک کی معیشت گذشتہ کئی برس سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پر قابو پانے کے لئے عرب ممالک نت نئے ٹیکسوں کا سہارا لے رہی ہے جس کے باعث ان ممالک میں مقیم کئی غیر ملکی باشندے پردیس سے اپنے دیس کی طرف لوٹ رہے ہیں ۔حال ہی میں سعودی حکومت نے غیر ملکی ورکرز اور ان کے اہلخانہ پر ماہانہ بنیاد پر 100ریال فی فرد ٹیکس عائد کردیا ۔ سعودی حکومت کے اس فیصلے کے نتیجے میں جنوری سے جون 2017کے دوران 77ہزار 600پاکستانیوں نے نوکری کے لئے سعودی عرب کا رخ کیا جبکہ گذشتہ سال کے انہیں چھ ماہ کے دوران 4لاکھ 62ہزار پاکستانی روزگار کے غرض سے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے ۔ دوسری جانب یہی حال متحدہ عرب امارت کا بھی کچھ یہ ہی حال رہا ۔جنوری سے جون 2017کے دوران روزگار کے لئے 1لاکھ 41ہزار پاکستانی یو اے ای روانہ ہوئے جبکہ گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 2لاکھ 95ہزار روز گار کے لئے یو اے ای گئے تھے ، اسی طرح چھ ماہ کے دوران 5ہزار افراد روزگار کے لئے قطر گئے جبکہ جنوری سے جون 2016میں 9500پاکستانی روزگار کے لئے قطر گئے تھے۔