فرانس اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ سفیر پاکستان
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پاکستان اور فرانس کے درمیان نئے اقدامات، سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں کے وفود کے تبادلوں کی وجہ سے دوطرفہ دوستانہ تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
جناب معین الحق سفیر پاکستان نے یہ بات 107ویں نیشنل منیجمنٹ کورس کے وفد سے اپنی گفتگو میں کہی جنہوں نے آج سفارت خانہ پاکستان پیرس میں سفیر پاکستان سے ملاقات کی۔ این ایم سی کے 14رکنی وفد کا فرانس کا یہ دورہ ان کے تربیتی کورس کا حصہ ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ اس ماہ دو فرانسیسی پارلیمانی وفود پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ جبکہ پاکستانی سینٹ کے وفد کا دورہ فرانس جنوری 2018 میں متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پارلیمانی اراکین کے درمیان رابطوں سے دوطرفہ تعلقات میں مثبت تبدیلی آئے گی۔
سفیر پاکستان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند سالوں میں دوطرفہ تجارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کا تجارتی حجم 2016 میں 1.4 ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔ فرانس اب تک چالیس کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جبکہ حال ہی میں فرانسیسی کار بنانے والی رینالٹ کمپنی الفطیم گروپ کے ساتھ مل کر کراچی میں اپنا کار پلانٹ لگانے کا اعلان کرچکی ہے جو کہ ایک خوش آئند ترقی کا باعث ہوگی۔
سفیر پاکستان نے امید ظاہر کی کہ این ایم سی کے وفد کو پیرس کے دورے سے فرنسیسی انتظامی ڈھانچے، ان کے تربیتی نظاموں، پالیسیوں اور دیگر شعبوں کے بارے میں سیکھنے کا موقع ملے گا۔
این ایم سی کا وفد پیرس میں اپنے ایک ہفتہ کے دورے کے دوران فرانسیسی وزارت معیشت، وزارت موسمی تبدیلی، فرانسیسی پارلیمان، قومی سکول انتظامیہ، اعلی تعلیمی مرکز برائے وزارت داخلہ، یونیسکو اور میئر سارسل سے ملاقاتیں کرے گا۔