کلبھوشن کیس میں مزید مہلت کی بھارتی درخواست مسترد
نیدرلینڈ کے شہر ہیگ میں واقع عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کیس میں مزید مہلت طلب کرنے کی بھارتی درخواست مسترد کر دی۔ ذرائع کے مطابق بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے کلبھوشن جادیو کیس کی تیاری کے لیے چھ ماہ کا وقت طلب کیا تھا تاہم عالمی عدالت انصاف نے مزید وقت دینے کی درخواست مسترد کر دی۔ اس موقع پر عالمی عدالت انصاف نے بھارت کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحریری شکایت تیرہ ستمبر کو جمع کرائے۔ پاکستان کی جانب سے بھارت کی تحریری شکایت کا جواب تیرہ دسمبر کو جمع کرائے جانے کا امکان ہے جس کے بعد عالمی عدالت دونوں فریقین کے بیانات کا جائزہ لے گی۔ ذرائع کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں کلبھوش کیس کی سماعت آئندہ برس متوقع ہے۔