سعودی عرب کی طرف سے مستحقین کے لیے 150 ٹن کھجوروں کا تحفہ حکومت پاکستان کے حوالے

سعودی عرب کی طرف سے مستحقین کے لیے 150 ٹن کھجوروں کا تحفہ حکومت پاکستان کے حوالے

سعودی عرب کی طرف سے مستحقین کے لیے 150 ٹن کھجوروں کا تحفہ حکومت پاکستان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔یہ کجھوریںآئی ڈی پیز اور دوسرے مستحقین کے لیے رمضان پیکیج میں شامل کی جائیں گی۔سعودی حکومت نے گزشتہ ہفتہ بھی 878 ٹن کھجوریںپاکستان میں حقداروں کو تقسیم کرنے کے لیے عالمی ادارے خوراک کے حوالے کی تھیں۔اس حوالے سے خصوصی تقریب بدھ کو سعودی سفارتخانے میں منعقد کی گئی جس میں سعودی سفارتخانے کے منتظم حبیب اﷲ بخاری اور وزارت سیفران کے ایڈیشنل سیکرٹری طارق حیات خان نے خصوصی شرکت کی اور دستاویز پردستخط کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی سفارتخانے کے منتظم کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے بہت فخر کی بات ہے کہ ہم پاکستانی بھائیوں کی امداد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب امداد دینے والے ملکوں میں سرفہرست ہے اور دنیا میں ہر جگہ باامتیاز امداد بھیجتا ہے۔سعودی عرب اپنے جی ڈی پی کے تناسب سے دنیا میں امداد دینے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی طرف سے پاکستانی عوام کو 150 ٹن کھجوروں کا تحفہ دیا گیا ہے جبکہ گزشتہ ہفتہ ورلڈ فوڈ پروگرام کو پاکستان کے لیے 878 ٹن کھجوروں کا تحفہ دیا گیا۔میں پاکستانی بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ سعودی حکومت اور عوام پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ہم ماضی میں بھی آپ کیساتھ تھے اور آئندہ بھی آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔وزارت سیفران کے ایڈیشنل سیکرٹری طارق حیات خان نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے کجھوروں کا تحفہ بھجوانے پر ان کی بے حد مشکور ہیں۔ یہ تحفہ علامتی نہیں بلکہ دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی علامت ہے اور باہمی احترام کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کی دوستی مزید گہری ہوگی اور عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے احترام اور محبت پیدا ہوگا۔

Most Popular