ٹرمپ کے دورہ چین، شمالی کوریا اور تجارت ترجیحی موضوعات ہوں گے۔ وائٹ ہاوس
وائٹ ہاوس کے ایک سینیئر عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ چین کے آئندہ دورے کے دوران شمالی کوریا اور دوطرفہ تجارت میں پائی جانے والی متنازعہ صورت حال کو خاص طور پر اپنی بات چیت کا موضوع بنائیں گے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکی صدر چینی حکومت پر دباو ڈالیں گے کہ وہ شمالی کوریا پر سلامتی کونسل کی طرف سے پابندی کی قرارداد پر مکمل عمل درآمد کرے۔ عہدیدار کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریائی تنازعے کے پرامن حل کے متمنی ہیں۔ امریکی صدرآئندہ ماہ چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔