ایران، شام کو اپنی فوجی چھاونی میں تبدیل کررہا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نتن یاہونے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران شام اور لبنان میں بہت ہی مشکل اہداف کو نشانہ بنانے والے میزائل تیار کر رہا ہے۔ بینجمن نیتن یاہو نے مقبوضہ فلسطین میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دعوی کیا کہ اسرائیل مخالف اہداف ہی شام اور لبنان میں ایران کی موجودگی کی وجہ ہے اور ایران ، شام کو اپنی فوجی چھاونی میں تبدیل کررہا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت دے رکھی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے کہاکہ وہ لبنان میں حزب اللہ کے لئے ایران کے ہتھیاروں کی فراہمی کا راستہ روکیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی اس پریس کانفرنس میں اسرائیل پر زور دیا کہ وہ علاقے میں امن کی پابندی کرے۔ انہوں نے اسرائیلی اور فلسطینی قیادت سے کہا کہ وہ امن مذاکرات کی کوشش کریں۔واضح رہے کہ شام میں بحران کے آغاز سے ہی صیہونی حکومت نے دہشت گردوں کی حمایت میں با رہا بین الاقوامی قوانین اور شام کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا اوراقوام متحدہ نے بھی اب تک ان حملوں کی مذمت نہیں کی ۔