جاپان کی شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی اپیل
جاپان نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کر دی۔ جاپان کے نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان کے حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو جاپان کی فضائی حدود سے گزرتا ہوا سمندر میں گرا ، شمالی کوریا اس سے قبل بھی جاپان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر چکا ہے ۔ دوسری جانب جاپان کے وزیراعظم شنزو ایبے نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کو غیر معمولی خطرہ قرار دیتے ہوئے اسے شرمناک اور غیر معمولی اقدام کہاہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ اور سنگین خطرہ ہے جو خطے کے امن اور سلامتی کو خراب کر رہا ہے۔ شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد جاپان اور امریکا نے شمالی کوریا کو جواب دینے کے لیے فوری طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔