شہید سوڈانی فوجیوں کے 250 لواحقین حج کے لیے حجازمقدس روانہ
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی دعوت پر سوڈان کی مسلح افواج کے شہید اہلکاروں کے اقارب مفت حج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق یمن میں فیصلہ کن طوفان آپریشن میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سوڈانی فوجیوں کے 250 قریبی عزیزوں کو خادم الحرمین کی خصوصی حج سکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے خرطوم سے روانہ کیا گیا۔حج کے لیے روانگی سے قبل خرطوم میں قائم سعودی سفارت خانے کی طرف سے شہدا کے اقارب کے اعزاز میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس کے بعد انہیں حج کے سفر کے لیے الوداع کیا گیا۔سوڈان سے خصوصی حج سکیم کے تحت آنے والے عازمین حج میں سوڈان کے شہید اور زخمی ہونے والے فوجیوں کے اقارب شامل ہیں۔قبل ازیں خادم الحرمین الشریفین خصوصی حکم پروگرام کے سیکرٹری جنرل عبداللہ بن ناصر المدلج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ شاہ سلمان کی ہدایت پر سوڈان کے شہید ہونے والے فوجیوں کے اقارب کے لیے مفت حج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔