جنوبی کوریا کی فضائیہ کا بمباری کی مشق کے ذریعے طاقت کا مظاہرہ
جنوبی کوریا کی فضائیہ نے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربے کے بعداپنی طاقت کے اظہار کے طور پر بمباری کی مشق کی۔جاپان کے خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نےگزشتہ روز فوج کو شمالی کوریا پر جوابی حملے کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا حکم دیا جس کے بعد فوج نے اپنی طاقت کے اظہار کے طور پر بمباری کی مشق کی۔احکامات کے تحت، فضائیہ کے چار ایف 15 لڑاکا طیاروں نے جنوبی کوریا کے مشرقی ساحل کے نزدیک ایک شوٹنگ رینج میں 8 بم گرائے جو ٹھیک اپنے اپنے اہداف پر گرے۔ جنوبی کوریا کے ایوانِ صدر کے مطابق جنوبی کوریائی اور امریکی حکام نے ٹیلیفون پر بات کی اور شمالی کوریا سے نمٹنے کے لئے قریبی تعاون کا اعادہ کیا۔جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کے ڈائریکٹر چونگ یوئی یون نے امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر، جبکہ وزیرِ خارجہ کانگ کیونگ وا نے امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹلرسن سے بات کی۔