ٹیکساس میں طوفان ہاروی کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ،18افراد ہلاک
ہیوسٹن(صباح نیوز)امریکی ریاست ٹیکساس میں طوفان ہاروی کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہیوسٹن میں مزید 3 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 18 ہوگئی۔ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں جاری ہیں، لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لئے کشتیوں کی مدد لی جارہی ہے اور رضا کار پانی میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچانے کا کام انجام دے رہے ہیں۔دوسری جانب طوفان باروی کی وجہ سے کیمیکل پلانٹ میں دھماکے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر ارد گرد کی آبادی کو خالی کرالیا گیا ہے۔ہاروی نے امریکی ریاست ٹیکساس میں بارشوں کے اگلے پچھلے سب ریکارڈ توڑ دیئے۔ سمندری طوفان ہاروی سے ٹیکساس میں ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے جبکہ شہر ہوسٹن کی دو بڑے آبی ذخائر میں طغیانی آنے سے صورتحال اور گھمبیر ہو گئی۔ شہریوں کو ریسکیو کرنے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ فضائی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ ہیوسٹن میں ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں جبکہ ریسکیو کا عملہ سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہے۔ سیلابی پانی میں بہہ کر ایک مگرمچھ بھی گھر کے صحن میں پہنچ گیا جس کی تصاویر بھی بنا لی گئیں۔دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے ریاست ٹیکساس کا دورہ کیا، جہاں انہیں بریفنگ دی گئی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے جلد سے جلد اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ سمندری طوفان سے ٹیکساس میں نقصان کا تخمینہ 42 ارب ڈالر لگایا گیا ہے جبکہ ہاروی سے نقصان 2005 میں آنے والے کیٹرینا طوفان سے بڑھ سکتا ہے۔