کشمیر، فلسطین، یمن، شام، عراق، افغانستان میں انسانی جانوں کا اتلاف تشویشناک ہے۔ سید علی گیلانی

کشمیر، فلسطین، یمن، شام، عراق، افغانستان میں انسانی جانوں کا اتلاف تشویشناک ہے۔ سید علی گیلانی

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے عیدالاضحی کے مقدس موقع پر اپنے پیغام میں محکوم کشمیری اور فلسطینی عوام کے ساتھ ساتھ تمام دنیا میں بسنے والے تمام انسانوں کےلئے امن وامان کی زندگی اور قتل وغارت سے نجات کی دُعا کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکشمیر اور فلسطین سمیت دیگر عالمی مسائل کے حل کےلئے ایک مربوط لائحہ عمل وضع کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔حریت چیئرمین نے کشمیر، فلسطین، یمن، شام، عراق، افغانستان وغیرہ میں آئے روز انسانی جانوں کے اتلاف پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام ہر بے گناہ انسان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دے کر ہر فرد کو حقِ زندگی عطا کرتا ہے اوراپنے عقیدے کو کسی بھی شخص پر جبراً ٹھونسنے سے منع کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اسلام کے عادلانہ نظام کے تحت اقلیتی مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے جان ومال اور عزت کا تحفظ فراہم کرنے کی سخت تاکید کی گئی ہے۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے شوپیان، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کی مارپیٹ اور املاک کی توڑ پھوڑکی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔ ترجمان نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نہتوں شہریوں پر مظالم بند کرانے کے لیے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔

Most Popular