وائس ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کو پاک بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ چھ اکتوبر کو ریٹائر ہو جائیں گے جس کے پیش نظر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلح افواج کے سپریم کمانڈر صدر مملکت ممنون حسین کو وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو پاک بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کرنے کی سمری بھجوائی تھی جس کے بعد صدر ممنون حسین نے وائس ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کی بطور سربراہ پاک بحریہ تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ وزارت دفاع نے نئے نیول چیف کی منظوری کے لیے چار سینئر ترین افسران پر مشتمل سمری وزیراعظم کو بھجوائی تھی۔ سمری میں دو سینئر ترین نیول افسران وائس ایڈمرل ظفرمحمود عباسی اور وائس ایڈمرل سید عارف الحسینی کے نام شامل تھے۔ مری سے تعلق رکھنے والے ظفرمحمود عباسی سروس کے دوران اہم کمانڈ اور اسٹاف پوزیشنز پر تعینات رہے ہیں جبکہ اس وقت نیول ہیڈکوارٹر میں چیف آف اسٹاف کے عہدے پر تعینات ہیں۔ وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے انیس سو اٹھہتر میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا۔