میجر عزیز بھٹی شہید کا آج چورانوے واں یوم پیدائش
میجر عزیز بھٹی شہید چھے اگست1923کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان سے پہلے آپ کے والدین ضلع گجرات کے گاؤں لادیں میں منتقل ہو گئے۔ آپ نے 1950میں فوج میں شمولیت اختیار کی اور پنجاب رجمنٹ میں شامل ہوئے۔ چھے ستمبر انیس سو پینسٹھ کی شب اچانک ہمارے ازلی دشمن بھارت نے ہم پر چڑھائی کر دی۔ بھارتی جنرل نے ہانک لگائی کہ وہ 7ستمبر کی صبح جمخانہ لاہور میں ناشتہ کرے گا۔ بھارت کی ٹڈی دل افواج تیزی سے لاہور پر حملہ آور ہوئیں مگر پاک فوج کے جوانوں کی کمان راجپوتوں کے سپوت میجر عزیز بھٹی کر رہے تھے۔ انہوں نے آرٹلری اور ٹینکوں کی مدد سے ہراول دستہ لے کر دشمن پر ہلہ بول دیا۔ وہ پانچ دن تک برابر دشمن کو ناکوں چنے چبواتے رہے۔ دشمن کی جب ایک نہ چلی تو اس نے توپوں کا رخ میجر عزیز بھٹی کی طرف کر دیا۔ میجر عزیز بھٹی ایک بلند مقام پر کھڑے اپنے جوانوں کا حوصلہ بڑھا رہے تھے۔ 10ستمبر کو ایک گولہ ان کے قریب آ کر گرا اور پھٹ گیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔میجر عزیز بھٹی نے شہادت قبول کر لی مگر دشمن کو بی آر بی نہر کے قریب بھی پھٹکنے نہ دیا۔ میجر عزیز بھٹی کی جرأت وبہادری ہمیشہ سنہرے الفاظ میں لکھی جاتی رہے گی ۔۔۔۔