ٹھٹھہ کے قریب سمندر میں کشتی الٹ گئی, المناک حادثے میں اٹھارہ افراد جاں بحق، متعدد لاپتہ
کراچی کے ساحلی علاقوں ابراہیم حیدری، منوڑہ اور دیگر مقامات سے زائرین روحانی بزرگ پیر پٹھورو کے مزار پر حاضری اور علاقائی میلے مینھ بھٹائی میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔ کہ ٹھٹھہ کے علاقے میرپور ساکرو کے ساحلی گاؤں موہارا کے قریب کھلے سمندر میں زائرین کی دو کشتیاں آپس میں ٹکرانے کے بعد ایک کشتی الٹ گئی۔ کشتیوں میں سوار افراد کی اکثریت کا تعلق کراچی کے علاقے میمن گوٹھ سے بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈوبنے والی کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت ایک سو اسی سے زائد زائرین سوار تھے۔ ڈوبنے والوں میں سے کئی افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ لاشوں کو میرپور ساکرو کے شیخ زید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والوں میں سے سینتالیس افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اندرون سمندر ریسکیو ٹیمیں نہ ہونے کے باعث خواتین، بچے اور دیگر زائرین ڈوب گئے