رینٹل پاور پروجیکٹ اور سرے محل میں ملک کو لوٹا گیا۔ شہباز شریف
وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہاہے کہ رینٹل پاور پروجیکٹ اور سرے محل میں ملک کو لوٹا گیا، زرداری صاحب بات سنیں یہ قوم احتساب کرے گی، اگر اداروں نے احتساب نہ کیا تو عوام کی عدالت کرے گی۔ انہوں نے کہا عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے لوگوں نے بھی لوٹ مار میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔وزیراعلی پنجاب نے جھنگ میں ایل این جی پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کرپشن اور احتساب کی باتیں کرنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، قوم کے اربوں روپے کھائے گئے، بابر اعوان نندی پور کا بیڑہ غرق کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا 56 کمپنیاں ہی نہیں، کسی بھی منصوبے میں آدھے پیسے کی کرپشن ثابت ہو تو گریبان حاضر ہے۔