موسم سرما سر پر آ گیا لیکن گرمی ہے کہ جانے کا نام ہی نہیں لے رہی۔
سردیوں کی آمد سے پہلے موسم گرما رفتہ رفتہ دم توڑ رہا ہے تاہم گرمی جاتے جاتے بھی شہریوں کو متاثر کر رہی ہے۔ درجہ حرارت میں اضافے سے ملک بھر میں گرم اور خشک موسم کی لہر جاری ہے۔ لاہور، کراچی، پشاور،ملتان، فیصل آباد، حیدرآباد سمیت دیگر علاقوں میں گرمی زوروں پر رہی جہاں درجہ حرارت تیس ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا۔ مٹھی،چھور،لسبیلہ،تربت میں چونتیس، میرپورخاص، حیدرآباد، شہید بینظیرآباد،بہاولنگر، سبی میں درجہ حرارت اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تینتیس، لاہور سینتیس، پشاور پینتیس، کوئٹہ اٹھائیس، فیصل آباد سینتیس، ملتان میں چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گلت،چترال،مری،مظفرآباد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں آئندہ تین سے چار روز تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں رکی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے موسم گرم اور خشک رہے گا۔