بچے پاکستان کا مستقبل ہیں،ہمیں اِن پر فخر ہے اور یہ پاکستان کو مزید مضبوط بنائیں گے: نواز شریف

 بچے پاکستان کا مستقبل ہیں،ہمیں اِن پر فخر ہے اور یہ پاکستان کو مزید مضبوط بنائیں گے: نواز شریف

اسلام آباد میں بسیں تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم نواز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چودھری، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب، مریم نواز اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اسلام آباد کو تعلیمی لحاظ سے ماڈل سٹی بنائیں گے، شہر کے چار سو بائیس تعلیمی اداروں میں بسیں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ فی الحال پینتیس سے زائد بسیں دی ہیں، باقی دو سو بھی جلد آ جائیں گی۔ والدین بچوں کو عام بسوں اور ویگنوں میں سکول بھیجنے سے گھبراتے تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ بچے من کے سچے ہوتے ہیں، وہ پاکستان کا فخر ہیں اور وطن عزیز کو ہم سے سو گنا زائد مضبوط بنائیں گے۔وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے سکولوں کی حالت اور ماحول کو مزید بہتر کرنے کے بھی احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ انہوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔ خطاب کے دوران بچے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کرتے رہے۔ بچوں نے ٹیبلو بھی پیش کیا جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔ تقریب کے دوران قوت گویائی و سماعت سے محروم ایک بچی وزیراعظم کے پاس سٹیج پر پہنچ گئی اور اشاروں سے بسوں کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے اُسے گود میں اٹھا لیا۔ مریم نواز بھی بچی کو گود میں لیے بیٹھی رہیں۔ مریم نواز نے اپنی تقریر میں تعلیمی اصلاحات پروگرام پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے بعد وزیراعظم نے بس میں بیٹھ کر سفر بھی کیا۔

Most Popular