پاکستان امریکا سے امداد کی بحالی کا نہیں کہے گا، جنرل باجوہ کا امریکی جنرل کو جواب

پاکستان امریکا سے امداد کی بحالی کا نہیں کہے گا،  جنرل باجوہ کا امریکی جنرل کو جواب

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی سنٹرل کمانڈر کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا سے امداد کی بحالی کا نہیں کہے گا۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف اور ایک امریکی سینیٹر نے فون کیا۔بیان کے مطابق جنرل جوزف ووٹل نے آرمی چیف کو کولیشن سپورٹ فنڈ سے متعلق امریکی فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کو سراہتے ہیں اور موجودہ صورتحال عارضی مرحلہ ہے۔ امریکا پاکستان کے اندر کسی یکطرفہ کارروائی کا نہیں سوچ رہا، افغانستان کے خلاف پاکستانی سرزمین استعمال کرنے والوں سے نمٹنا میں تعاون چاہتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی سینیٹر نے بھی آرمی چیف کو سیکیورٹی امداد سے متعلق امریکی فیصلے سے آگاہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی جنرل کے سامنے دو ٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان امریکی امداد کی بحالی کے لیے نہیں کہے گا، امریکی امداد نہ بھی ہوتو دہشت گردی کے خلاف مخلصانہ کوششیں جاری رکھیں گے اور دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو اسٹیک ہولڈرز سے مل کر منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم آپریشن ردالفساد کے ذریعے پہلے ہی کئی کارروائیاں کررہے ہیں، پاکستان میں ہررنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم سمجھتی ہے کہ دہائیوں سے تعاون کے باوجود حالیہ بیانات سے ہمارے اعتماد کوٹھیس پہنچی ہے پاکستانی قوم بد دل ہوئی ہے آرمی چیف نے مذید کہا کہ خطے میں طاقت کے لیے مقابلہ بازی سے پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا ہے پاکستان میں افغان باشندوں کی سرگرمیوں پر امریکی تشویش سے آگاہ ہیں دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کے لیے افغان مہاجرین کی واپسی ناگزیر ہے پاکستان یکطرفہ طور پر سرحدی نظم و نسق کو مستحکم بنا رہا ہے دو طرفہ سرحدی انتظام و استحکام کابل کی بھی ترجیح ہونی چاہیے امداد کی بحالی کا نہیں کہہ رہے بلکہ قربانیوں اور مثبت کردار کا اعتراف چاہتے ہیں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے قربانی کا بکرا نہ بنایا جائے افغان عمل کے لیے اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے خطے میں امن و استحکام کے لیے افغانستان میں امن ناگزیر ہے ، اسی طرح متفقہ قومی رد عمل ایسے ہی جذبات کا مظہر ہے۔امریکی کمانڈر نے افغان مہاجرین کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو سراہا، اس موقع پر آرمی چیف نے افغان مہاجرین کی واپسی انتہائی ضروری قرار دی۔

Most Popular