باجوڑ ایجنسی میں بھی سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔
باجوڑ ایجنسی میں بھی سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔ سب سے زیادہ تحصیل واڑہ ماموند کے علاقے متاثر ہوئے۔گزشتہ رات ہونے والے شدید اور تیز بارش کے بعد سیلابی پانی ندی نالوں میں جمع ہوتا گیا ۔ بعد ازاں ان میں شدید طغیانی پیدا ہوگئی جس سے کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ درجنوں مکانات اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔زیادہ نقصانات تحصیل واڑہ ماموند کے علاقہ بیلوٹ اور تنی کے مقام پر ہوئے جہاں سیلابی ریلا اپنا راستہ چھوڑ کر کھیتوں اور آبادیوں میں داخل ہوگیا جس سے کسانوں کی فصلیں مکمل طورپر تباہ ہو گئیں جبکہ ساتھ میں ان کے درخت بھی بہہ گئے۔ تحصیل واڑہ ماموند کے علاقہ کگہ میں درجنوں مکانات ، دکانیں اور ایک مدرسہ سیلابی ریلے کیوجہ سے گرگئے ۔ علاقہ کگہ میں ایک ہی گھر میں چار کمرے گرنے سے ایک سالہ بچی صفیہ ولد جاوید جاں بحق ہوگئی۔ایجنسی کی تحصیل سلارزئی علاقہ برسدین میں بھی کچی سڑکیں خراب ہوگئیںجس کیوجہ سے علاقے کے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔