وزیراعظم شاہدخاقان،اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کی ملاقات میں نئے چیئرمین نیب کی تقرری پر قانونی تقاضے پورے کرنے پر اتفاق کرلیا گیا
اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے ملاقات کی اور نئے چیئرمین نیب کے تقرر سے متعلق امور پر مشاورت کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئے چیئرمین نیب کے تقرر پر غور کیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نئے چیئرمین نیب کے تقرر کیلئے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔موجودہ چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نومبر دوہزار سترہ میں عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے جس کے بعد حکومت اور اپوزیشن مل کر نئے چیئرمین کا تقرر کریں گے۔ حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے تین تین نام دیے جائیں گے جن میں سے کسی ایک نام پر اتفاق مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ملاقات میں یہ بھی طے کیا گیا کہ حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے نام دے گی۔ تفصیلی مشاورت کے بعد کسی ایک نام پر اتفاق کرکے نئے چیئرمین نیب کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔