مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہو گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا حالیہ سلسلہ پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر میں شدید بارشوں کے بعد کمزور پڑ گیا، ایک دن کے وقفے کے بعد مون سون کا نیا سلسلہ سندھ اور بلوچستان میں شروع ہو گا، جبکہ اتوار اور پیر سے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔
ہفتے اور بدھ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہو نگی اس دوران زیریں سندھ، بلوچستان، بالائی پنجاب اور کشمیر میں دوبارہ موسلا دھار بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں 103ملی میٹر، منڈی بہاؤ الدین78، مری27 ، اوکاڑہ 23، پشاور 44، مالم جبہ 33 اور مظر آباد میں 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جاری حالیہ بارشوں سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئی۔ کراچی میں بھی مسلسل 2 روز کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔