ضرورت پڑنے پر پاکستان امت مسلمہ کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے:سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق
سپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ،شاہ محمود قریشی اور نوید قمرسمیت دیگر ارکان شریک ہوئے۔اجلاس میں خلیجی ممالک میں کشیدہ صورت حال اور کلبھوشن یادیو کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ کمیٹی کو قطرسعودی عرب کشیدگی،کلبھوشن کیس اورکالعدم تنظیموں کی سوشل میڈیا پر سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی ارکان نے حکومت کو قطر سعودی کشیدگی پر غیر جانبدار رہنے کی تجویز دی۔ ضرورت پڑنے پر پاکستان امت مسلمہ کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نےکہا کہ فیس بک اور ٹویٹر سمیت سوشل میڈیا ویب سائٹس بند نہیں کی جاسکتیں۔اس حوالے سے کمیٹی آئندہ اجلاس میں سفارشات پیش کرے گی۔