نواز شریف آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف۔۔ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کیخلاف ریفرنس کی سماعت ہو گی۔۔ نواز شریف اور مریم نواز اسلام آباد میں موجود ہیں اور آج عدالت میں پیش ہوں گے۔۔ نیب نے نواز شریف کے خلاف لندن فلیٹس ، عزیزیہ ملز اور فلیگ شپ ریفرنس دائر کر رکھے ہیں۔۔ گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے تینوں ریفرنس کو یکجا کرنے کی نواز شریف کی استدعا مسترد کر دی تھی۔۔ جس کے خلاف نواز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے احتساب عدالت کی کارروائی پر حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا کی۔۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم امتناعی کی استدعا مسترد کر دی۔ تاہم ریفرنس کو یکجا کرنے کے معاملے پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیر کو جواب طلب کر لیا۔ سابق وزیراعظم احتساب عدالت میں تو پیش ہو رہے ہیں لیکن وہ برابر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔۔ گزشتہ سماعت پر نواز شریف پر باضابطہ فردجرم عائد کی گئی۔۔ جس پر نواز شریف نے کہا کہ ان کیخلاف سیاسی بنیادوں پر کیسز بنائے گئے۔۔ انہوں نے احتساب کے نظام پر سوال اٹھائے اور احتساب عدالت کی کارروائی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔۔۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو چھے ماہ کے اندر کیس کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔۔ جبکہ ایک نگران جج تمام کارروائی کی مانیٹرنگ کر رہا ہے