فیض آباد دھرنا ختم کرانے کیلیے اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کا اعلٰی سطح کا اجلاس, آخری وارننگ کے بعد بھی دھرنا جاری رہا تو طاقت استعمال ہوگا
اسلام آباد ہائیکورٹ سے تحریک لبیک کا دھرنا ختم کرانے کا حکم نامہ آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سرجوڑ لیے۔ عدالتی حکم پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ کا اعلیٰ سطح اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق کی زیرصدارت ہوا جس میں ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز، اے آئی جی اسپیشل برانچ و دیگر افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر اے آئی جی سپیشل برانچ کیپٹن ریٹائرڈ محمد الیاس اور چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر نے شرکا کو بریفنگ دی۔ چیف کمشنر اسلام آباد کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ دھرنا دینے والوں میں کوئی کالعدم جماعت شامل نہیں ہے۔ دھرنے والوں سے مذاکرات کیے لیکن مظاہرین کی ہٹ دھرمی کے باعث مذاکرات کامیاب نہ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے تحریک لبیک کو دھرنا ختم کرنے کے لیے ڈیڈلائن دینے پر بھی اتفاق کیا۔ دھرنا ختم نہ کیا گیا تو آپریشن ہوگا جس کے لیے پولیس، ایف سی اور رینجرز کے دستوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے بھی تحریک لبیک کے سربراہ کو دھرنا ختم کرنے کے لیے خط لکھا تھا جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ اگر دھرنا ختم نہ کیا گیا تو قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔