پاک فوج نے کرم ایجنسی میں ڈرون حملے کی اطلاعات کو غلط قرار دیا ہے
آئی ایس پی آر کے مطابق کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد پر امریکی یا افغان فورسز کی جانب سے کسی قسم کی فضائی خلاف ورزی نہیں کی گئی، نہ ہی کوئی ڈراون حملہ ہوا ہے، اس حوالے سے غلط اطلاعات دی گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کرم ایجنسی کے بالمقابل افغانستان کے صوبہ خوست اور پکتیا میں افغان اور امریکی افواج دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کر رہی ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کیے گئے ہیں۔۔ ان حملوں کے نتیجے میں دہشتگردوں کے بھاری نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے دورہ افغانستان کے بعد امریکا، افغان اور پاکستان کی افواج کے درمیان تعاون میں بہتری آئی ہے، امریکی افواج نے کرم ایجنسی کے قریب اپنے علاقے میں ہونے والے آپریشن سے متعلق بروقت اطلاع دے دی تھی۔۔ جس کے بعد پاک فوج اپنے علاقے میں سخت نگرانی کیے ہوئے ہے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین مربوط سیکیورٹی تعاون سے دہشتگردی کے خاتمے اور دیر پا امن کیلئے مدد ملے گی