مخالفین کی نظریں ان کے استعفے پر نہیں عوامی منصوبوں پر ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف
جناح اسپتال لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر نیب ان کی ذات کے حوالے سے ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت کر دے تو عوام کا ہاتھ اور ان کا گریبان ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی مخالفین پنجاب میں ہونے والے ترقی کے کام کو ناکام کرنا چاہتے ہیں، جب ڈینگی پشاور میں آیا تو انہوں نے وہاں دھرنے نہیں دیے بلکہ پشاور ٹیمیں بھجوائیں اور ڈاکٹرز گئے، یہ لوگ خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں کر سکے اسی کا بدلہ لے رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ کے پی میں زمینوں کی بندر بانٹ ہوئی، ان پر الزام لگانے والے اپنے گریبانوں میں بھی جھانکیں, عمران خان اور شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر یہ لوگ پارلیمنٹ پر لعنت بھیج رہے ہیں تو پھر پارلیمنٹ میں بیٹھے کیوں ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دعا کریں کہ زینب کے قاتل مل جائیں، انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دیں گے