پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بجلی اور توانائی کے کئی منصوبے مکمل ہوں گے۔ خرم دستگیرخان

پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بجلی اور توانائی کے کئی منصوبے مکمل ہوں گے۔ خرم دستگیرخان

وزیرتجارت خرم دستگیرخان نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے کیلئے حکومت توانائی کے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ہفتہ کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ )ن ) کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی بجلی اورتوانائی کے منصوبوں پر اپنی توجہ مرکوز کرلی اوراس ضمن میں عملی اقدامات کا آغاز کیا، توانائی کے کئی منصوبوں پر کام شروع کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ساہیوال کول پاورپلانٹ سے پیداوارکا آغاز ہوچکاہے ، توانائی کے متعدد زیر تکمیل منصوبوں سے مرحلہ وار پیداوار کا آغاز ہوگا۔خرم دستگیرخان نے کہاکہ حکومت نے قلیل مدت میں 17000میگاواٹ کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ ہورہی ہے تاہم صنعتی شعبہ اس سے مستثنیٰ ہے،بدقسمتی سے ماضی میں لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا تاہم موجودہ حکومت اس مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی کے کئی منصوبے مکمل ہوں گے ، اس منصوبے کے تحت توانائی کے مختلف منصوبوں میں بھاری سرمایہ کاری ہورہی ہے جس کے ملکی معیشیت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

Most Popular