ترکی کیساتھ محبت ہمارے خون میں شامل ہے, ترکی کے دشمن ہمارے بھی دشمن ہیں:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے استنبول میں ترک ہم منصب کے ہمراہ نیوزکانفرنس کے دوران کہا کہ ترکی کے ساتھ محبت ہمارے خون میں شامل ہے۔ ترکی کے دشمن ہمارے بھی دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سرزمین کو ترکی کے مفادات کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ دونوں ممالک تمام معاملات پر ہم آہنگ سوچ کے حامل ہیں۔ شاہدخاقان عباسی نے مزید کہا کہ ترکی کا ترقی کی جانب سفر خوش آئند ہے۔ اس موقع پر ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ پاکستان اور ترکی نے مشکل گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ترک وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات ہوئی۔ افغانستان جنوبی ایشیا میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ترکی افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے اقدامات کی تائید کرتا ہے۔