آرمی چیف جنرل قمرباجوہ کی انقرہ میں ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سےملاقات
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے انقرہ میں ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت کرنے پر ترک قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ترک وزیراعظم نے خطے اور مسلم دنیا میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی بہت سارے مسائل پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ پاکستان قبرص کے معاملے اور دہشت گردی کے خلاف کوششوں پر ترکی کے موقف کی تائید کرتا ہے۔