پاکستان کے ڈی جی ایم او نے ورکنگ باؤنڈی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہریوں کی شہادت کا معاملہ بھارتی ہم منصب کے سامنے اٹھایا
پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشز کا خصوصی ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا جس میں پاکستانی ڈی جی ایم او نے ورکنگ باؤنڈری پر پاکستانی شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا معاملہ اٹھایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی ڈی جی ایم او کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے چھ معصوم شہری شہید جب کہ چھبیس افراد زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور یہ خلاف ورزی موجودہ سمجھوتوں کو واضح طور پر نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستانی ڈی جی ایم او نے بھارتی ہم منصب کو پاک فوج کے غیرمتزلزل عزم سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پاکستان کی آبادی کی سلامتی کو یقینی بنائے گی اور کسی بھی قسم کی جارحیت کے مقابلے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جاتے رہیں گے