امریکا سے کسی قسم کی عسکری یا مالی امداد نہیں بلکہ اعتماد چاہتے ہیں, آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکی سفیر نے آرمی چیف کو نئی امریکی پالیسی بارے آگاہ کیا۔ ڈیوڈ ہیل کا کہنا تھا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکا افغان مسئلے کے حل میں بھی پاکستان سے تعاون چاہتا ہے۔ اس موقع پر سپہ سالار پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن ہمارے لیے اتنا ہی ضروری ہے جتنا کسی اور ملک کے لیے ہے۔ ہم اس سلسلے میں بہت کچھ کر چکے ہیں اور آئندہ بھی اپنا ہرممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہم ایسا کسی کو خوش کرنے کے لیے بلکہ اپنے قومی مفاد اور قومی پالیسی کے مطابق کر رہے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم امریکا سے کسی قسم کی عسکری یا مالی امداد نہیں بلکہ اعتماد چاہتے ہیں۔ ہماری قربانیوں اور کردار کو تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا افغانستان میں طویل جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون کامیابی کی کنجی ہے